محرم الحرام: ایم اے جناح روڈ کراچی سیل کردیا گیا


کراچی: محرم الحرام کے دوران جلوسوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ کو تین دن کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔ 

ہم نیوز کے مطابق پولیس نے جلسے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ 

صوبائی حکومت کی ہدایت پر پولیس اوردیگر سیکیورٹی اداروں نے شہر قائد میں آٹھ، نو اور دس محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوسوں کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ 

حکومت سندھ نے محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے جس کا نفاذ آٹھ  سے دس محرم کے دوران ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موبائل فون سروس کو بھی ہرسال معطل کیا جاتا ہے۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے موسوم ’ایم اے جناح روڈ‘ کا شمار شہر کی اہم ترین شاہراہوں میں کیا جاتا ہے جو مزار قائد سے شروع ہوکر ٹاور کھارادر پہ اختتام پذیر ہوتی ہے۔

ماضی میں بندرروڈ کے نام سے جانی جانے والی اس شاہراہ کو معاشی سرگرمیوں میں شہ رگ کی حیثیت اس لحاظ سے حاصل ہے کہ تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کے بیشتر مراکز اس سے ملحقہ علاقوں میں ہی واقع ہیں۔


متعلقہ خبریں