اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملزمان کی وطن واپسی کے معاہدے ضرور کرنے چاہئیں، یہ ایک اچھا قدم ہے، اشتہاری لوگوں کو ملک واپس ضرور لانا چاہیے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالققار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے حکومت صرف ایک خاندان کو ٹارگٹ کر کے تمام معاہدے کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار کی ملک واپسی کے حوالے سے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان واپس آنا چاہیے اور اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ ان کو لیڈر شپ نے ملک واپس آنے سے نہیں روکا۔
ڈی پی او پاک پتن کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ تحریک انصاف کون سی تبدیلی لائی ہے، تحریک انصاف نے تبدیلی کا نام بدنام کر کے رکھ دیا ہے۔
پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا کہ تبدیلی بندے بدلنے سے نہیں بلکہ سوچ بدلنے سے آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے، اس میں سیاسی انتقام نہیں لینا چاہیے۔ جب تک اکھٹے ہو کر نہیں چلیں گے اچھا کام نہیں ہو سکے گا۔
ڈی پی او پاک پتن کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں زین قریشی کا کہنا تھا کہ جو ہوا غلط ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ نیا پاکستان ہے، یہاں وزیر اعلیٰ معافی مانگ رہے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔