پروٹوکول دینے سے منع کیا تھا، عارف علوی

جس کو نیب قانون پر اعتراض ہے وہ پٹیشن دائر کر دے، صدر مملکت

کراچی: صدر مملکت ڈٓاکٹر عارف علوی نے اپنے دورہ کراچی کے دوران پروٹوکول پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود سیکیورٹی افسران کو پروٹوکول دینے سے منع کرنے کے باوجود گاڑیوں کی لمبی قطار میرے ساتھ تھی۔

صدر مملکت نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ میں نے کہا تھا کہ میرے آگے پیچھے دو دو گاڑیاں کافی ہوں گی لیکن ایسا نہیں ہوا، ہمیں مزید کوششیں کرنی ہوں گی۔ 

صدر پاکستان کی کراچی آمد پر انہیں ملنے والے وی وی آئی پی پروٹوکول پر ان کے صاحبزادے عواب علوی نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 

عواب علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں پروٹوکول کے باعث عوام کو پہنچنے والی تکلیف کی تصدیق کی اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ 

عواب علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ صدر پاکستان کے پروٹوکول کو مزید کم کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے والد اسی سلسلے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

صدر پاکستان جمعہ کے روز اسلام آباد سے بغیر پروٹوکول عام مسافروں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کراچی روانہ ہوئے تھے لیکن کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا اور گاڑیوں کے ایک لمبے چوڑے کارواں کے ساتھ انہیں ایئر پورٹ سے روانہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں