حیدرآباد: جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا ہے کہ تحقیق ہی انسان کو آگے لے کر جاتی ہے اسی لیے اس شعبے پر توجہ دینا ضروری ہے۔
حیدرآباد میں جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ”ہم ہی مستقبل ہیں“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیق کے لیے مختلف اداروں میں تعاون اور تعلق ضروری ہے اور اسی لیے صنعتوں اور تعلیمی اداروں میں روابط ریسرچ کے لیے سود مند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا لازمی ہیں تاہم اس قسم کے سیمینارز سے بھی طلبا کو اس حوالے سے جاننے کا موقع ملتا ہے۔
جامعہ سندھ کی آرٹس فیکلٹی میں منعقدہ سیمینار کا مقصد طلبا میں تحقیق کی اہمیت کو اجگر کرنا تھا کیونکہ پاکستان میں یہ شعبہ بہت کمزور ہے۔
سیمینار میں حیدرآباد کے صنعتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔