اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں سینیئرٹی وی میزبان ڈاکٹرشاہد مسعود کی ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کردی۔
جمعہ کے روز اسپیشل ڈیوٹی جج سینٹرل ارم نیازی کی عدالت میں پی ٹی وی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، اس کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود بطور سابق ایم ڈی، پی ٹی وی ملزم نامزد ہیں۔
ڈاکٹر شاہد مسعود کی عدالت میں عدم پیشی پر جج نے ان کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کی اور انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت اسپیشل سنٹرل جج ارم نیازی نے ریمارکس میں کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود ذاتی طور پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ملزم کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔
ملزم کی جانب سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
رواں برس جون میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان ٹیلی ویژن میں تین کروڑ 80 لاکھ روپے کی مبینہ بدعنوانی کے الزام میں ٹیلی ویژن میزبان ڈاکٹر شاہد مسعود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی وی کے طور پر شاہد مسعود نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا رائٹس حاصل کرنے کیلئے جعلی کمپنی سے معاہدہ کیا۔ اس معاہدے سے پاکستان ٹیلی وژن کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
معاملہ کی چھان بین کرنے والے تفتیشی افسر کاشف ریاض اعوان کی درخوست پر سینیئر سول جج عامر عزیز نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جس کے بعد شاہد مسعود نے عارضی ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی تھی۔