شمالی علاقہ جات میں طوفانی بارشوں کا خدشہ


اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقہ جات میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہنگامی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلہ میں این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ جانی و مالی نقصان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے ایمرجنسی کی صورت میں حاضر رہنےکی ہدایت جاری کی ہیں۔

مراسلہ کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران شمالی علاقہ جات میں طوفانی ہوائیں چلیں گی جس کے باعث این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ضلع جہلم اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور گردنواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو چکی ہے جس سے حبس ختم اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں کا یہ سلسلہ شمالی علاقہ جات سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اثر انداز ہو سکتا ہے جس کے پیش نظر پرائم منسٹر ہاؤس سے بھی تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں