لاہور: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعيد المالکی نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی۔
ترکی کے صدر طیب اردوان نے بھی میاں نواز شریف کو ٹیلفون کر کے تعزیت کی ہے۔ جاتی امرا میں تعزیت کے لیے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
گذشتہ روز میاں نوازشریف طبیعت کی ناسازی کے باعث تعزیت کرنے والوں ملاقات نہیں کر سکے تھے تاہم آج کا دن انہوں نے ملاقاتوں اور بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کی نگرانی میں گزارا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ 14 ستمبر 2018 بروز جمعتہ المبارک شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی، جاتی عمرہ میں ادا کی جائے گی۔
میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق مرحومہ کی میت جمعہ کو پاکستان منتقل کی جائے گی، پنجاب کے سابق وزیراعلی شہباز شریف میت کو پاکستان لانے کے لیے لندن میں موجود ہیں۔