اسلام آباد: سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات اور ان کی میت کی پاکستان منتقلی و جنازہ کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دو روز کے لیے مؤخر کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون اور متحدہ مجلس عمل نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے باعث اجلاس کی تاریخ آگے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ابتداء میں حکومت کی جانب سے اجلاس ملتوی کرنے کے مطالبہ کا مثبت جواب نہیں دیا گیا تھا۔ ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی یا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اجلاس ملتوی ہونے کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب کیا تھا۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) 12 September 2018
اجلاس طلبی کی خبر سامنے آنے کے بعد رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کے دور میں پارلیمان کا پہلا مشترکہ اجلاس متاثر ہو سکتا ہے۔ ن لیگ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پیپلزپارٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ مجلس عمل اور قوم پرست جماعتوں کی مشترکہ اجلاس میں شرکت کا امکان بھی کم ہے۔
مشترکہ اجلاس کے معاملہ پر حالیہ پیشرفت کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے صدر مملکت سے بیگم گلثوم نواز کی وفات پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دو روز کے لیے مؤخر کرنے کی سفارش کی تھی۔
مشترکہ اجلاس کا نیا شیڈول تاحال جاری نہیں کیا جا سکا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جمعرات کی صبح تک اجلاس ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کہنا ہے کہ بدھ کو رات گئے تک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ صدارتی حکم نامے کےانتظار میں رہا تاہم صدارتی حکم نامہ یا حکومتی ایڈوائس موصول نہیں ہوئی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکم نامہ موصول ہوگا، مشترکہ اجلاس کے التواء کے آرڈر جاری کر دیے جائیں گے۔ نئے حکم نامہ میں وقت اور دن کا بھی تعین کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گیارہ ستمبر کو لندن میں انتقال کر گئیں وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں۔ جون 2018 میں دل کا دورہ پڑھنے پر انہیں دوبارہ ہارلے کلینک منتقل کیا گیا تھا۔
بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج جمعرات کو لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کرنے کے بعد ان کی میت پاکستان منتقل کی جائے گی۔ جمعہ کی صبح میت پاکستان پہنچنے کے بعد ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کرنے کے بعد تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی۔