ایون فیلڈ فیصلے میں کافی نقائص ہیں، شائق عثمانی

ایون فیلڈ فیصلے میں کافی نقائص ہیں، شائق عثمانی

اسلام آباد: جسٹس (ر) شائق عثمانی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ اسی وقت معطل ہوجانا چاہیے تھا کیونکہ یہ فیصلہ دباؤ کے نتیجے میں دیا گیا تھا اوراس میں کافی نقائص تھے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نا صرف نوازشریف اور مریم نواز کی سزا معطل ہو جائے گی بلکہ درخواست ضمانت بھی قبول کر لی جائے گی۔

ہم نیوز لاہور کے نمائندے شفیق شریف نے کہا کہ نوازشریف کے لیے کلثوم نواز کا دنیا سے رخصت ہو جانا ایک بہت بڑا صدمہ ہے اور ہم سب یہ بخوبی جانتے ہیں کہ وہ کس طرح بیشتر مواقع پر نوازشریف کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہبازشریف نے نوازشریف کی جانب سے پیرول پر دستخط کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں انتظامیہ یا کسی اور جماعت کا کوئی احسان نہیں لینا چاہتے۔

دوسری جانب پروگرام میں ایس ڈی پی آئی کے  ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرعابد قیوم سلہری نے کہا کہ موجود معاشی بدحالی کو کم کرنے کے لیے حکومت کو آمدنی میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جتنا ہمارا دفاعی بجٹ ہے، اس سے زیادہ رقم گردشی قرضوں میں چلی جاتی ہے۔

عاطف میاں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  عاطف میاں کا جو فیصلہ واپس لیا گیا وہ انتہائی قابل افسوس ہے کیونکہ اس سے دنیا بھر میں  پاکستان کا منفی تاثر گیا ہے۔

پروگرام میں موجود معاشی تجزیہ کار خرم حسین نے کہا کہ معاشی خسارے کو کم کرنے کے لیے حکومت آئی ایم ایف کے پاس جانے یا نا جانے کا فیصلہ نہیں کر سکی۔

 ترجمان خیبرپختونخوا حکومت  شوکت یوسف زئی نے کوئلے کی کانوں میں ہونے والے حادثات کے حوالے سے کہا کہ اس کے لیے بہت زیادہ آواز اٹھانی پڑے گی اور اسے ایوانوں میں زیر بحث لایا جائے گا تاکہ موثر قانون سازی ہو سکے اور ایسے واقعات رک سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے پہلے بھی  بات ہوئی تھی۔ پوری دنیا میں ’’محفوظ کان کنی‘‘ کے قوانین لاگو ہیں، مگر یہاں پر کوئی ایسا قانون نہیں بنا۔


متعلقہ خبریں