ڈھاکہ: ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن ( سیف ) گیمز کے فٹبال سیمی فائنل میں آج پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔
دونوں روایتی حریفوں کا آج پانچ سال کے بعد سامنا ہو گا۔ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔
نو ستمبر کو بنگلہ دیش کے درالحکومت ڈھاکہ کے بنگہ بدھو اسٹیڈیم میں پاکستان نے بھوٹان کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھوٹان کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو کم از کم تین گول کی برتری سی میچ جیتنے کی ضرورت تھی اور پاکستان بھوٹان کو تین گول سے شکست دینے میں کامیاب ہوا تھا۔
قومی ٹیم نے 13 سال بعد ایونٹ کے اس درجے تک رسائی حاصل کی ہے۔ پاکستان نے آخری بار سیف گیمز کا سیمی فائنل دارالحکومت اسلام آباد میں سال 2005 میں کھیلا تھا۔
قومی فٹبال ٹیم طویل عرصہ تک بین الاقومی مقابلوں میں شرکت کی پابندی کے بعد سیف گیمز کے ذریعے بین الاقوامی میدانوں میں اتری ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک کی کارکردگی کے ذریعے فٹبال ٹیم نے اپنی واپسی کو ماضی سے بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔