نوازشریف احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کے انتقال کے باعث بدھ کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت بھی آج ہو گی۔ 

احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کیس کی سماعت بدھ کو ہو گی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد کریں گے۔ 

سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی۔ خواجہ حارث پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ اور استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح جاری رکھیں گے۔ 

منگل کے روز خواجہ حارث کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف رہنے کی وجہ سے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی۔ 

گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے چھ ہفتے کی مزید مہلت دی تھی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت آج ہو گی۔ گزشتہ سماعت پر خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان کی سزا معطلی کی درخواستوں کو پہلے سن لیا جائے۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران نیب کی قانونی ٹیم اپنے دلائل دے گی۔


متعلقہ خبریں