راولپنڈی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خنجراب سیکٹر کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر 51 سالہ شہری گفتار حسین شہید ہو گیا۔
پاک فوج نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ جس کے جواب میں بھارتی سورما بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
چار ستمبر کو بھی بھارتی فوج نے کوٹ کوٹیرہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کی زد میں آکر شہری عبدالرؤف شہید ہوگیا تھا جو اس وقت مویشی چرارہا تھا۔
گزشتہ ماہ 18 اگست کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے ڈنہ سیکٹر کے گاؤں موجی میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر 65 سالہ شخص شہید ہوگیا تھا۔ جس پر پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔