لندن: اوول کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور بھارت کے مابین کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم کے سر پر شکست کے ساتھ بین الاقوامی رینکنگ میں ریٹنگ کم ہونے کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری پانچویں ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم دو وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز سے کھیل کا آغاز کرے گی۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 332 رنز بنائے تھے جب کہ مقررہ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 292 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
بھارت کی طرف سے رویندر جدیجا 86 اور کپتان ویرات کوہلی نے 49 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے نقصان سے بچایا۔ کوہلی اس اننگ میں بھی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور ایک رن قبل ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر ایلسٹر کک 46 اور کپتان جو روٹ 29 رنز کے ساتھ پچ پر موجود ہیں اور انگلینڈ کو بھارت کے خلاف مجموعی طور پر 154 رنز کی برتری حاصل ہے۔
بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-3 سے واضع برتری حاصل ہے۔
بین الاقوامی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے نمبر پر اور انگلینڈ کی پانچویں پوزیشن ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 کی فتح سے انگلینڈ چوتھے نمبر پر آ جائے گا جب کہ بھارت کی ریٹنگ 125 سے کم ہو کر 115 پوائنٹس پر آنے کا امکان ہے۔