کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیرصدرالدین شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں فنکشنل لیگ نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شہداء کربلا کے سوئم تک معطل کردی ہیں جو محرم کے بعد دوبارہ شروع کی جائیں گی۔
انہوں نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ طے شدہ پروگرام کے تحت سندھ کے تمام اضلاع میں تنظیم سازی کو مکمل کریں گے کیونکہ فنکشنل لیگ کی مضبوطی سے سندھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوان اورعوام کے وسائل کو ہڑپ کرنے والے کڑے احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ (جی ڈی اے) سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فنکشنل لیگ ہی سندھ کی ترقی کی ضامن ہے اور عوامی مسائل سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتی ہے کہ کون مخلص ہے اور کون نہیں ؟
پیر صدرالدین شاہ نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں اورآئندہ مزید ساتھ آئیں گے۔