صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے 100 روزہ پلان پر مکمل عملدرآمد ہوگا اور عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی۔
ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں اور ان کی ہر بات کو سنیں گے بھی۔ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے حوالے سے اپوزیشن کے مطالبے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا اعلان وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ نے یقین دلایا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرینگے جب کہ سعودی سفیر سے سعودیہ کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے بھی بات کی ہے جس پر جلد پیش رفت ہو گی۔
صوابی کی تعمیر و ترقی کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوابی میں 1122 ریسکیو کی منظوری ہوچکی ہے جب کہ رشکئی انٹرچینج کے قریب اکنامک زون بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو کہ دوسالوں میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اکنامک زون کی تعمیر سے صوبے کے عوام کو بہتر روزگار کے مواقع ملیں گے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وہ اپنی پہلی تنخواہ ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ میں دے چکے ہیں اور عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔