راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
مارے جانے والے دہشت گرد بلوچستان کے علاقے مشکئی میں پاک فوج کے قافلے پر حملے میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے 17 مئی 2018 کو کلی الماس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد اور دو خود کش بمباروں کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ اس دوران ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید ہو گئے تھے۔
اس کارروائی میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد سلمان بادینی کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ تھا جو ہزارہ برادری کے افراد کے علاوہ متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔