تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے آپریشن کا دوسرا روز


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا تجاوزات کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔ 

وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی نے آپریشن میں حصہ لیا اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایک ایک کونےمیں بلاامتیاز آپریشن ہوگا۔ 

ہم نیوز کے مطابق سی ڈی اے ممبر اسٹیٹ خوشحال خان آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات بھی موقع پر موجود ہیں۔ 

آپریشن میں سی ڈی اے کے 350 اہلکاروں سمیت وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے ڈیڑھ ہزار اہلکاروں نے حصہ لیا۔ 

دوسرے روز اتوار کو تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں کشمیر ہائی وے کے ساتھ قائم گولڈن ہارس مارکی کو گرایا گیا جب کہ گزشتہ روز گرائے گئے گلیکسی مارکی کو بھی مکمل طور پر گرایا جائے گا۔ 

گزشتہ روز تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غیر قانونی طور پر قائم شادی ہال، ہوٹلز، کار شورومز اور ہاسٹلز سمیت 12 سے زائد عمارتوں کو مسمار کیا گیا جب کہ مزاحمت کرنے پر 20 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ 

انتظامیہ نے واہ گزار کی گئی اراضی پر تین ہزار درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کا آپریشن سے متعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تجاوزات ختم کر کے سرکاری زمین واگزار کرائی جائے گی جب کہ قابضین کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

جی 12 کے علاقہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والے عملہ کا کہنا ہے کہ گرین بیلٹ پر قائم تجاوزات کو گرایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں