حیدرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے نومنتخب حکومت سےکہا ہے کہ احتساب کریں لیکن انتقام نہ لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتساب اور انتقام میں فرق ہونا چاہیے۔
ذرائع بلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نو منتخب وزیراعظم عمران خان کے پانچ سال چندہ وصول کرنے میں لگ جائیں گے اورملک چندے کے پیسوں سے نہیں چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے یو ٹرن لیں گے ہم نشاندہی کریں گے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وزیراعظم معاشی پالیسیاں بنائیں یو ٹرن نہ لیں۔
کاروکاری پر پی ایچ ڈی کا تھیسس لکھنے والی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کسی دوسرے ملک یا آئی ایم ایف سے قرض لے کر بھی ڈیم بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھاشا ڈیم کی بنیا د رکھی لیکن مسئلہ ایک ڈیم سے حل نہیں ہوگا بلکہ ملک کی ترقی کے لیے کئی ڈیم بنانا ہوں گے۔
ماضی میں صحافت سے وابستہ رہ چکنے والی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم قوم سے خطاب کرتے ہیں مگر پارلیمنٹ سے نہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے 100 دن مانگے ہیں، ہم ان کو ہزار دن دینے کو تیار ہیں۔