لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی ایشیا کپ 2018 کا حصہ نہیں ہیں جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا لیکن جب بھی ان سے سامنا ہوا میں انہیں آؤٹ کرنے کی کوشش کروں گا۔
لاہور میں لگائے گئے ایشیا کپ 2018 کے تربیتی کمیپ میں پریکٹس کے بعد حسن علی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دباؤ میں کھیلنے کا مزہ آتا ہے لیکن میں پریشر میں نہیں آتا، کوشش ہو گی کہ ایشیا کپ میں یاد گار پرفارمنس دوں۔
قومی فاسٹ بالر نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ ایک میچ میں پانچ وکٹیں لوں۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر ورلڈ کلاس بالر ہیں میں بھی ان کی طرح اچھی بالنگ کرنے کی کوشش کروں گا۔
15 ستمبرسے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایا گیا ہے جس میں 16 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
لاہور میں جاری سات روزہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی گرانٹ فلاور اور اظہر محمود کی زیر نگرانی بلے بازی اور بالنگ کی پریکٹس کرر ہے ہیں۔
کوچ گرانٹ بریڈ برن کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی تربیت دیں گے۔ انہیں حال ہی میں فلیڈنگ کوچ بھرتی کیا گیا ہے۔