راولپنڈی: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی کسی اور کی جنگ میں شریک نہیں ہو گا، ہماری خارجہ پالیسی وہی ہو گی جو پاکستان کی بہتری میں ہو۔
جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاکستان میں جو جذبہ دیکھا وہ دوبارہ نظر نہیں آیا، میں کرکٹ کی طرف نہ جاتا تو شاید میں بھی ریٹائرڈ فوجی ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک فوج ایک مضبوط ادارہ ہے جس میں ڈسپلن اور میرٹ ہے، ایک دور میں سول سروس بھی اسی طرح ایک مضبوط ادارہ تھا، پاکستان کے دیگر اداروں کو بھی بہتر بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست کمزور کو طاقتور کے خلاف تحفظ فراہم کرے گی اس وقت تمام لوگ ریاست سے وفادار ہوں گے، جب غریب آدمی کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں ملیں گی تو وہ قوم کس حصہ بن جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سول ملٹری کشمکش نہیں ہے، پاکستان ہم سب کا ہے، جس طرح پاک فوج ایک مضبوط ادارہ ہے، اسی طرح ہم دیگر اداروں کو بھی میرٹ کے ذریعے ترقی دیں گے۔
شہدا کے لواحقین سے مخاطب ہو کر انہوں نے کہا کہ آپ سب کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جن لوگوں نے ہمارے لیے جان دی ہے ان کا درجہ بہت بلند ہے۔