کراچی: پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بحریہ اپنے شہداء کی روایت برقرارر کھتے ہوئے مادر وطن کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پرمادر وطن کے غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے نشان پاکستان سی ویو پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں گورنر سند ھ عمران اسماعیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاک بحریہ کے طیارے اور ہیلی کاپٹر نے فلائی پاسٹ جبکہ پاک بحریہ کے کمانڈوز نے فری فال جمپس کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ نیوی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز کے خصوصی دستوں نے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے بینڈ نے ملی نغمے اور خصوصی دستے نے اسپیشل رائفل ڈرل کا مظاہرہ پیش کیا۔
یوم دفاع و شہدا پورے پاکستان میں مکمل جوش و جذبے سے منایا گیا، جی ایچ کیو میں بھی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شرکت کی۔