حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

عدالت نے حمزہ شہباز کانام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دےدیا | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کو کئی ہفتوں کی تاخیرکے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا ہے۔ 

جمعرات کو سامنے آنے والی خبر کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون نے 24 اگست کو حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی درخواست اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس جمع کرائی تھی لیکن اسمبلی سیکرٹریٹ نے دستخطوں کے معاملہ کو جواز بنا کر اس پر عملدرآمد میں تاخیر جاری رکھی۔

حمزہ شہباز کی تقرری کے لئے درخواست پر کیے جانے والے دستخطوں پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے اعتراض کیا تھا۔ دستخطوں کی جانچ پڑتا ل کے دوران کہا گیا کہ درخواست پر ایک ہی شخص نے سب ارکان کے دستخط کیے ہیں۔

ن لیگ کا کہنا تھا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکان اسمبلی کو بلا کر دستخطوں کی جانچ پڑتال کی تھی۔ دستخطوں کی تسلی کے بعد بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں تاخیر کی جاتی رہی۔

حالیہ پیشرفت کے بعد پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جب کہ اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں