یوم دفاع پر پاکستانی قیادت کا وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت

یوم دفاع و شہداء پر قیادت کے پیغامات | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: اہل پاکستان آج چھ ستمبر کو یوم دفاع و شہداء منا رہے ہیں، اس موقع پر ملکی قیادت کی جانب سے پیغامات جاری کرتے ہوئے نا صرف موقع کی اہمیت واضح کی گئی ہے بلکہ اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ مختصر مگر موثر پیغام میں شہداء پاکستان اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کیا گیا۔

 

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔

چھ ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے 1965 اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا۔

یوم دفاع کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو بھی انہوں نے اپنے پیغام کا حصہ بنایا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کے لیے کردار ادا کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم 1965 کی جنگ کے شہداء کی شکر گزار ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ہمیں اپنی مسلح افواج کی جدید صلاحیتوں پر ناز ہے اور پختہ یقین ہے کہ یہ مادر وطن کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ستمبر 1965ء کو پاکستانی قوم اور مسلح ا فواج نے بے مثال جذبے ، اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی اعلیٰ خدمات اور قربانیاں قابل تحسین ہے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین  یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگ ستمبر ملک کے نظریہ، جغرافیہ اور وقار کے لیے لازوال اتحاد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہ چھ ستمبرافواج اور عوام پاکستان کے دفاع، ترقی اور وقار و خودمختاری کے لئے ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کا دن دنیا کے لیے بھی پیغام ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے یوم دفاع و شہداء کے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر 1965 کو افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا، آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1965ء میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر تاریخ رقم کی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ قوم 1965ء کی طرح آج بھی متحد اور دشمن کے ارادوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع وطن کی خاطر جاں وارنے والوں کی بہادری کی یاددہانی ہے۔ یہ دن ہے جس روز ہم اپنے ہیروز اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم شہداء پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہداء ہمارے ہیرو ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ملک کے شہید بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کو شایانِ شان انداز میں منانا یہی ہے کہ پاکستانی سرحدوں، نظریئے اور جمہوریت کی حفاظت کی جائے۔

سابق صدر آصف علی زرداری  نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قوم وطن کے خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند اور انتہا پسند قوم کے دشمن ہیں قوم  کو چاہیے کہ 1965 کی جنگ جیسا جذبہ برقرار رکھے۔

جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد لاالہ الا اللہ کا نظام قائم کرنا تھا۔ جغرافیہ کے ساتھ وطن عزیز کے نظریے کی حفاظت، نظریاتی شناخت کی بحالی اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے کی طرف خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں