یوم دفاع پاکستان قومی یکجہتی کا عکاس ہے، وزیراعظم

یوم دفاع پاکستان قومی یکجہتی کا عکاس ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہمارے ملی اتحاد اور یک جہتی کا بہترین عکاس ہے،  رواں برس کا یوم دفاع اس لیے منفرد ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے اپنی شاندار روایات برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعظم نے یوم دفاع پاکستان پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج کے نئے نغمے”ہمیں پیار ہے پاکستان سے”کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرُامن باہمی روابط پر یقین رکھتا ہے اور اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع پاکستان کا مقصد دشمن قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم نے 1965 اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جس عزم اور جرأت کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم نے تمام شہداء، غازیوں، ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو نذرانہ عقیدت پیش کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں