ایران سے متعلق اجلاس کی صدارت ٹرمپ کریں گے


نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب بھارتی نژاد نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ نیویارک میں عالمی رہنماؤں کے سالانہ اجلاس کے دوران سلامتی کونسل میں ایران کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔

نکی ہیلی کے مطابق اجلاس کا مقصد ایران کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور پورے مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے تہران کی کوششوں پرروشنی ڈالنا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ نے ایرانی سفارتی ذرائع سے بتایا ہے کہ ایران 26 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں گفتگو کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کو توقع ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

نکی ہیلی نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ امریکہ کو حسن روحانی کے خطاب پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

 اقوام متحدہ میں روسی سفیر کے نائب دمتری پولیانسکی کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق اجلاس میں اس امر پر توجہ ناگزیر ہو گی کہ 2015ء میں ایران کے حوالے سے جاری قرارداد پر عمل درامد یقینی بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں