پنجاب کے کم تعلیم یافتہ اساتذہ مشکل میں

پنجاب: کم تعلیم یافتہ اساتذہ کے لیے بڑی مشکل


لاہور: حکومت پنجاب نے  صوبے بھر کے اسکولوں میں کم تعلیم یافتہ اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو علم ہوا ہے کہ صوبے میں شعبہ تعلیم سے وابستہ ہزاروں اساتذہ  محض انٹرمیڈیٹ یا اس سے بھی کم تعلیمی قابلیت رکھتے ہیں۔

اس رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے محکمہ تعلیم نے حکم دیا ہے کہ 2012 میں بھرتی ہونے والے جن اساتذہ کی گریجویشن ڈگری مکمل نہیں ہے انہیں نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔

ریکروٹمنٹ پالیسی 2012 کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کو بی ایڈ کرنے کے لیے 5 سال کی مہلت دی گئی تھی لیکن موقع ملنے کے باوجود بہت سے اساتذہ نے ڈگری مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔

محکمے کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے کہ جن اساتذہ نے 5 سالوں میں بی ایڈ نہیں کیا انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے۔ نوٹیفیکیشن میں بی ایڈ مکمل کر لینے والے اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ میں پنجاب بھر میں 6 ہزار سے زائد اساتذہ کی تعلیم میٹرک سے کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ تعلیم کے حکام نےایسے اساتذہ کی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔ کم تعلیم یافتہ اساتذہ کو جبری ریٹائر کیا جائے گا یا انہیں درجہ اول اور درجہ دوم کی کلاس پڑھانے کی اجازت دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں