راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو شہید کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کوٹ کوٹیرہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری عبدالرؤف شہید ہوگیا۔ وہ اس وقت مویشی چرارہا تھا۔
لائن آف کنٹرول پر تسلسل کے ساتھ بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارتی مظالم کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی فوج جنازے تک پر فائرنگ کرچکی ہے۔ بھارتی فوج نے بچوں کی اسکول بس کو بھی اپنا نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان اس ضمن میں اپنا احتجاج ریکارڈ کراتا آیا ہے اوردنیا کے سامنے متعدد مرتبہ ثبوت بھی پیش کرچکا ہے۔