اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عارف علوی کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو مستحکم کرنا ہم سب کی ترجیح ہونی چاہیئے، صدر کا عہدہ چاروں اکائیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
ساابق صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام جماعتوں کو سیاست میں جمہوری انداز اپنانا ہو گا۔
ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے تیرہویں منتخب صدر ہیں۔ صدارتی انتخابات کا نتیجہ سامنے آتے ہی نومنتخب صدر نے تمام حمایتی جماعتوں اور آزاد اراکین کا شکریہ ادا کیا اور یہ اعلان کیا کہ وہ صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر نہیں بلکہ پورے پاکستان کے صدر ہیں۔
نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ وہ تمام صوبوں کے لیے یکساں طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔