لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے بطور وزیراعظم انتخاب کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عمران خان کے خلاف درخواست اے کے ڈوگر ایڈوکیٹ نے 30 اگست کو لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم کے انتخاب میں ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی نے ووٹ نہ ڈال کر آئین کی دفعہ (1) 194 کی خلاف ورزی کی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین نے صرف وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو ہی تمام ووٹوں سے منتحب ہونے کا پابند بنایا ہے، پاکستان کا ہر شہری ووٹ ڈالنے کا پابند ہے۔
پیشہ کے لحاظ سے قانون دان درخواست گزار نے عدالت سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کر چکے ہیں، اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ درست فیصلہ کریں۔
اے کے ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق پارلیمنٹ کے ہر رکن کا ووٹ دینا ضروری ہے، ووٹ نہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
اے کے ڈوگر اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرچکے ہیں۔ جس میں انہوں نے عمران خان کے حلف اٹھانے سے قبل ہی وزیراعظم کا پروٹوکول لینے کا معاملہ اٹھایا تھا۔