100 روزہ ایجنڈے کا نفاذ کلیدی ہدف ہے، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 100 روزہ ایجنڈے کا نفاذ کلیدی ہدف ہے۔ وزیراعظم نے ایران، عراق  جانے والے زائرین کے تحفظ کے لیے 48 گھنٹوں میں منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ایران، عراق جانے والے زائرین کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی زیارت کرنے والوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، زائرین کو تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ پاک ایران سرحد پر امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔

وزیراعظم نے مقامی حکومتوں کے نظام پر اعلیٰ  اختیاراتی کمیٹی بھی قائم کر دی۔ مقامی حکومتوں کے معاملہ پر الگ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی حقیقی طور پر منتقلی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، ان کی کابینہ اور صوبائی بیوروکریسی سے ہفتے کو نہایت سود مند ملاقات ہوئی ہے۔ سب پر واضح کر دیا ہے کہ کفایت شعاری، بدعنوانی کا خاتمہ اور میرٹ کی بالادستی ترجیحات ہیں۔

عمران خان نے بتایا کہ ناصر درانی پنجاب پولیس میں اصلاحات کی ٹاسک فورس کی سربراہی کر رہے ہیں، انہیں کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو غیر سیاسی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں