معذور بچے کے اخراجات کے الیکٹرک برداشت کرے گی، کمشنر

معذور بچے کے اخراجاب کے الیکٹرک برداشت کرے گی، کمشنر | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: بجلی فراہمی کے ذمہ دار ادارے کے الیکٹرک نے کرنٹ لگنے کے سبب معذور ہونے والے بچے کے اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمشنر کراچی صالح فاروقی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن آباد میں کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے بچے کا علاج جاری ہے اور تمام اخراجات کے الیکٹرک برادشت کرے گی۔

25 اگست کو کراچی کے علاقے احسن آباد میں کرنٹ لگنے سے آٹھ سالہ عمر بری طرح جھلس گیا تھا جس کے سبب بچے کے دونوں ہاتھ کاٹنے پڑے تھے۔

بچے کے والد محمد عارف کی مدعیت میں  مقدمہ نمبر 323/18 بجرم 337H غفلت و لاپرواہی کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں  بجلی فراہمی کے ذمہ دار نجی ادارے کے حکام نامزد ہیں۔

کے الیکٹرک حکام نے مدد کا اعلان کرنے کے باوجود معاملہ میڈیا پر آنے تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا تھا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی بچے پر تار گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک حکام سے وضاحت طلب کی تھی۔

واقعہ کے متعلق گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں تحریک التواء بھی جمع کرائی گئی تھی جس میں رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ متاثرہ بچے کی کفالت کا اعلان کرے اور کے الیکٹرک کے خلاف اراکین اسمبلی پر مبنی کمیشن بنایا جائے۔

کمسن عمر کے والد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی  غفلت و لاپروائی سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے، وہ اپنے بیٹے کو انصاف دلانے کیلیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔


متعلقہ خبریں