ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا


کوئٹہ: پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس ہائی کورٹ نے حلف اٹھا لیا، جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ میں ذمہ داریاں سر انجام دیں گی۔

جسٹس طاہرہ صفدر سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔ یکم ستمبرکو بلوچستان کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں بلوچستان ہائی  کورٹ کے ججوں، صوبائی وزراء اور وکلا سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

جسٹس طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں، محترمہ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے ہی حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی سے اردو لٹریچر میں ماسٹر کیا۔

1980 میں کوئٹہ لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کر کے وہ قانون سے منسلک ہو گئیں۔ اپریل 1982 میں وہ کوئٹہ میں پہلی خاتون سول جج کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔

محترمہ طاہرہ صفدر جون 1987 میں سول جج، فروری 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اور مارچ 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر فائز رہیں۔ اس کے بعد وہ لیبر کورٹ اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے شعبہ میں خدمات سرانجام دیتی رہیں۔

جسٹس طاہرہ صفدر 7 ستمبر 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج بنی تھی اور آج انھوں نے پہلی خاتون چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

جسٹس طاہرہ کے چیف جسٹس بننے کے بعد جسٹس جمال خان مندوخیل بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج کے عہدے پر فائز ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں