رضوان گوندل کے تبادلے پر عمران خان ایکشن لیتے، جاوید عباسی

samar abbass

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو کام کرنے کے لیے وقت دینا چاہیے لیکن حکومت کی طرف سے دو چار اقدامات ایسے کیے گئے ہیں جن پر سوال اٹھائے جانے چاہئیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائیٹ‘ کے میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رضوان عمر گوندل کے تبادلے کے معاملے میں چیف جسٹس کے نوٹس لینے کے بجائے عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول کی تصویریں سامنے آئیں گی تو تنقید بھی ہو گی کیونکہ یہ سارے معیار تحریک انصاف نے خود طے کیے ہیں۔

حکومتی وفد کے جی ایچ کیو دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جی ایچ کیو میں دی گئی بریفنگ ایک دو گھنٹوں میں مکمل ہو جانی چاہیے تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد ہالینڈ کا گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا ناپاک منصوبہ مکمل نہیں ہوا جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار کسی پاکستانی وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کی ہے۔ سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ لینا ایک مناسب اقدام ہے، اس پر اپوزیشن کا سیخ پا ہونا نہیں بنتا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کام کرنے کا موقع دیا جائے اور بے جا تنقید سے گریز کیا جائے، تاہم غلطی کی صورت میں آئین پاکستان آپ کو تنقید کرنے کا حق دیتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے مستقبل میں بھی سول بالادستی قائم رہے اور سول ملٹری تعلقات ایک صفحے پر رہیں۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سول حکومت افغانستان کے صدر کو جواب نہیں دے رہی جس نے پاکستان کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت اور ایران کی بات کر رہی ہے لیکن افغانستان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں