ایمسٹرڈیم: مسافروں پر چاقو سے حملہ کرنے والا ملزم گرفتار


ایمسٹرڈیم: نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ریلوے اسٹیشن پر چاقو کے وار سے دو افراد کو زخمی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

واقعہ ایمسٹرڈیم کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر جمعے کی صبح  پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی کی بھاری نفری ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئی تھی۔

ایمسٹرڈیم پولیس کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملزم اور زخمی افراد کو واقعے کے فوری بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال منتقل کیے جانے والے افراد کی حالت کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیشن کا زیادہ تر حصہ خالی کرا لیا گیا ہے لیکن وہاں موجود لوگوں کو نظم و ضبط کے ساتھ باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم پولیس ذرائع نے سارا ریلوے اسٹیشن خالی کرائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف دو پلیٹ فارمز پر محیط حصہ خالی کرایا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چاقو سے حملہ کرنے والے فرد کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے، اس نے جن افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کیا ان میں سے ایک نوجوان غیر ملکی تھا۔

ایمسٹرڈیم پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی اصل وجوہات کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے، تفتیشی ٹیمیں تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

ایمسٹرڈیم کے ایک ٹریول گائیڈ کے مطابق یہ ملک کا مصروف ترین اسٹیشن ہے جہاں سے روز تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب مسافر سفر کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں