کانسی کا تمغہ جیتنے والی نرگس کوئٹہ پہنچ گئی


کوئٹہ: جکارتہ میں جاری 18ویں ایشین گیمز میں پاکستان کے نام کانسی کا تمغہ کرنے والی نرگس واپس اپنے آبائی شہرکوئٹہ پہنچ گئی، جہاں خاتون کھلاڑی کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

کوئٹہ ائیر پورٹ پر نرگس کی آمد سے قبل ہی ان کے اہل خانہ اور ساتھی کھلاڑی ان کے انتطار میں موجود تھے، نرگس کے پہنچنے پر سب نے خاتون کھلاڑی کا پرجوش انداز میں استقبال کیا۔

ایشین گمیز 2018 میں 19 سالہ نرگس نے کراٹے کی 68 کلو گرام کیٹگری میں نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ریٹا کارکی کو 1-3 سے ہرا کر کامیابی اپنے نام کی تھی۔

ایشین گیمز2018 میں پاکستان اب تک تین کانسی کے تمغے جیت چکا ہے۔ پاکستان نے یہ تمغے کراٹے، کبڈی اور جیولن تھرو میں حاصل کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی ایشین گیمزمیں نرگس کو کانسی کا تمغہ جیتنے پرمبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان  نے میڈل جیتنے والی نرگس کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوان بھرپور صلاحیتیں رکھتے اور کھیل سمیت تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں، حکومت اپنے نوجوانوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے گی۔

ایشین گیمز میں کانسی کا تغمہ جیتنے والی نرگس کا تعلق کوئٹہ کی ہزارہ برادری سے ہے۔ صوبائی دارالحکومت پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ کھیل سے متعلق اداروں اور ان کے عہدے داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نرگس کا کہنا تھا کہ کامیابی کے پس پردہ ان سبھی کا کردار اہم ہے، جسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔


متعلقہ خبریں