امریکہ کا جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان


واشنگٹن: امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ مشقیں ملتوی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اگلے سال 2019 میں ہونے جنگی مشقوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے مشترکہ فوجی مشقیں ملتوی کرنے کا عندیہ دیا تھا جبکہ گزشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کیا گیا تھا۔

امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ جنگی مشقیں ملتوی کرنے کے لیے شرط رکھی تھی کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے وعدے پر قائم رہے تاہم اب پھر امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشقیں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

’’ الچی فریڈم گارڈین ‘‘ کے نام سے ہونے والی یہ مشقیں ہر سال اگست میں ہوتی ہیں۔ گزشتہ سال یہ مشقیں 11 دن جاری رہی تھیں جس میں امریکہ کے 17 ہزار 5 سو اہلکار شریک ہوئے تھے۔

گزشتہ برس ان مشقوں میں آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور کولمبیا کے فوجی دستے بھی شریک تھے۔ ان چاروں ملکوں کے فوجی دستوں نے 1950ء سے 1953 کے دوران ہونے والی جنگِ کوریا میں امریکی فوج کے ساتھ لڑائی میں حصہ لیا تھا۔


متعلقہ خبریں