عامر لیاقت پھر ناراض، فیصل جاوید کی وضاحت

عامر لیاقت پی ٹی آئی میں شمولیت پر مایوس ہونے لگے | humnews

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے اپنی جماعت سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پہلے  معلوم ہوتا کہ اس پارٹی میں جا کر مہاجر ہو جاوں گا تو کبھی پی ٹی آئی جوائن نہ کرتا۔

عامر لیاقت حسین نے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے لیے کراچی میں اپنی خدمات گنواتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے الیکشن عمران خان کی وجہ سے نہیں اپنی محنت سے جیتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینٹرفیصل جاوید نے عامر لیاقت کی جانب سے کراچی کو نظرانداز کرنے کے دعوی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے عمران خان بہت سنجیدہ ہیں اور انہوں نے انتخابات سے پہلے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے انہیں پورا کریں گے۔

فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی والوں نے پی ٹی آئی کے کسی امیدوار کو نہیں وزیراعظم عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی وجہ بتاتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ عمران خان نے انہیں منانے کے لیے بھیجا تھا۔

گورنر ہاؤس میں بلائے جانے والے پی ٹی آئی کے اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں پہلے ہی پوزیشن کلیئر کر دوں گورنر ہاؤس میں اس وقت کراچی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کا اجلاس منعقد ہورہا ہے لیکن بوجوہ اس میں مجھے نہیں بلایا گیا۔۔۔ کوئی بات نہیں! اس طرح ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

ناراض رہنما نے تحفظات کی گرہیں کھولتے ہے کہا کہ پی ٹی آئی میں طوفان اٹھ رہا ہے۔ عامر لیاقت نے یہ شکوہ بھی کیا کہ عمران خان بار بار بلانے پر بھی کراچی نہیں آ رہے۔

ڈاکٹرعامر لیاقت نے مارچ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ ایم کیو ایم  پاکستان کو خیر باد کہنے کے بعد سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے والے  عامر لیاقت نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت پر کہا تھا کہ یہ ان کی آخری جماعت ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی کا دفاع بھی کیا اور مخالفین پر تنقید بھی کرتے رہے۔

عام انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے  انہوں نے بیان دیا تھا کہ میں پی ٹی آئی کو اپنا گھر سمجھ کر آیا تھا، مگرفردوس شمیم نے اپنے ہی گھر میں ٹکٹ دینے سے انکارکردیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے عامر لیاقت حسین کو کراچی کے حلقہ این اے 245 سے نامزد کیا تھا۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے  امیدوار ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں