اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی آج ہوگی


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس آج مری میں منعقد ہوگی۔ پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی زیرصدارت منعقد ہونے والی اے پی سی میں پاکستان پیپلزپارٹی، نیشنل پارٹی، اے این پی، ایم ایم اے، پی کے  میپ شرکت کریں گی۔

ہم نیوز کے مطابق اے پی سی بلانے کا بنیادی مقصد صدارتی انتخاب میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوار لانے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ پر دن گیارہ بجے منعقد ہونے والی اے پی سی میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

کانفرنس میں شرکت کےلیے پی پی پی نے اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا ہے جس میں سید یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ ، بیرسٹراعتزاز احسن۔ شیری رحمان اور قمر الزمان کائرہ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی جانب سے مولانافضل الرحمن، لیاقت بلوچ اور شاہ اویس نورانی شرکت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن کا نام صدارتی امیدوار کے لئے بطور مشترکہ امیدوار پیش کیا جائے گا۔ پی پی پی ممتاز قانوندان کو پہلے ہی صدارتی انتخاب میں اپنا امیدوار نامزد کرچکی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اگر اپوزیشن متفقہ امیدوارکے نام  پر اکٹھی نہ ہوئی تو ایم ایم اے اپنا فیصلہ 26 اگست کو کرے گی۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایم ایم اے میں بھی کسی نام پر اتفاق رائے پیدانہ ہوا تو پھر جماعت اسلامی اور جے یو آئی کی مجلس عاملہ الگ الگ اجلاسوں میں فیصلہ کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ امیدوار کے نام پر عدم اتفاق کی صورت میں جماعت اسلامی قومی اسمبلی کے اسپیکر و وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں جس طرح غیر جانبدار رہی تھی بالکل اسی طرح کا اقدام اس مرتبہ بھی اٹھا سکتی ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی قومی اسمبلی میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور عمران خان یا شہباز شریف میں سے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیا تھا۔


متعلقہ خبریں