قوم بری طرح مقروض ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی


ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی صنعتیں بند ہونے کے قریب ہیں جبکہ سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے اور قوم بری طرح مقروض ہو چکی ہے۔

ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب میں دیے گئے ایک عشائیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک پانی کے شدید بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے زراعت کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، کسان اور کاشت کار ان حالات میں گزارہ نہیں کر سکتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام نے ان مشکل حالات میں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو اہم ذمہ داری سونپی ہے، قوم کے مستقبل کے لیے ایسی مستحکم بنیادیں تعمیر کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نہ بھی ہوں تب بھی پاکستان ہرا بھرا رہے، پاکستان تحریک انصاف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنی پوری طاقت صرف کر دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں خیبر پختونخوا کی طرز پراصلاحات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہاں کی پولیس سے بھی عوام کو تحفظ کا احساس ہو، نئی حکومت نے بلدیاتی نظام کی سمت درست کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں کوئی نیا منصوبہ نہیں بنایا گیا، پانی اور بجلی کے سنگین مسائل حل کرنے کے لیے بھاشا ڈیم کے لیے دن رات کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں