اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نیب میں طلب


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور نو منتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو عید کے بعد طلب کرنے کا فیصلہ  کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے، اس سے قبل 16 اگست کو نیب نے انہیں طلب کیا تھا تاہم انہوں نے تقریب حلف برداری کے باعث پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی۔

مسلم لیگ (ق) کے ایک اور رہنما اور چوہدری پرویز الہی کے کزن چوہدری شجاعت حسین اسی کیس میں گزشتہ ہفتے نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔

چوہدری  برادران اور ان کے اہل خانہ کے خلاف الزام ہے کہ ان کے نام پر بہت سی کمپنیوں میں شئیرز خریدے گئے اور مختلف بینکوں میں بڑی رقوم کی منتقلی ہوئی ہے، ان پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ نیب کی جانب سے اپنے اثاثوں سے متعلق مصدقہ پروفارما جمع کرانے میں ناکام  رہے ہیں۔

نیب کے مطابق انہیں پروفارما جمع کرانے کے لیے متعدد بار نوٹس بھجوائے گئے لیکن کوئی جواب موصول نہ ہونے کی وجہ سے انہیں طلب کر لیا گیا ہے۔

نیب نے متنبہ کیا تھا کہ مطلوبہ ریکارڈ  فراہم  نہ کرنے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ چوہدری برادران کے پاس دفاع  کے لیے کچھ نہیں ہے، اس صورت میں ان کے خلاف نیب آرڈیننس کے شیڈول 2  کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں