حالیہ انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہے، آصف زرداری

حالیہ انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہے، آصف زرداری

نواب شاہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہے، تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کی بات کرتی ہیں۔

زرداری ہاؤس میں اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج چوری کرنے سے ملک آگے نہیں بڑھے گا، ملک صرف عوام کے اعتماد اور طاقت سے ترقی کرتا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے انتخابات کے نتائج تسلیم نہیں کیے لیکن ہم ملک میں انتشار نہیں چاہتے بلکہ جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، جمہوریت ہو گی تو ملک مضبوط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیربھٹو نے جمہوریت کے لئے اپنی جان دی ہے، عام کارکن پیپلزپارٹی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پاس عوام کی طاقت موجود ہے، اس جماعت نے جمہوریت کے فروغ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ حلقے کے عوام کا خیال رکھیں، ان کے مسائل حل کرائیں۔

اس موقع پر سابق صدر نے این اے 213 میں پارٹی کے  پولنگ ایجنٹس اور دیگر کارکنوں سے ملاقات کی اور الیکشن میں بہترین کارکردگی دکھانے پر انہیں سراہا۔


متعلقہ خبریں