کشمیر: عید پر بھی بھارتی ظلم و ستم عروج پر

کشمیر: عید پر بھی بھارتی ظلم و ستم عروج پر | urduhumnews.wpengine.com

سری نگر: مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل تہوار، عید الاضحی کے موقع پر بھی بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ عید کے موقع پر سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں آزادانہ نقل و حرکت کو روکنے کے لیے مختلف رکاوٹیں پیدا کی گئی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کے ایک ذمہ دار نے شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ تمام اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس سے کہا گیا ہے کہ پابندیوں کے نفاذ کو یقین بنائیں۔

میڈیا رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ عید الاضحیٰ کے دن بھی غاصب بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے پوری وادی میں شہریوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے اضافی نفری تعینات کررکھی ہے جب کہ سیکیورٹی کے نام پر شہریوں کو تنگ کرنے کے لئے تلاشی لی جارہی ہے۔

سری نگر میں قابض فوج نے نماز عید کے دوران نمازیوں پرآنسو گیس کی شیلنگ کی اور بدنام زمانہ پیلٹ گنز استعمال کیں۔

70 برسوں سے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ تسلط جمائے بھارتی فورسز کی درندگی پر غم و غصہ کا شکار کشمیریوں نے احتجاج کیا جسے دبانے کے لیے انڈین فورسز نے مزید مظالم کا راستہ اپنایا ہے۔


بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر بھارتی مظالم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو مقدس ترین تہواروں میں سے ایک کو منانے سے زبردستی روکا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں