ایشین فٹبال گیمز: پاکستان نے نیپال کو شکست دے دی


جکارتہ: ایشین گیمز میں پاکستان نے نیپال کو 1-2 سے شکست دے کر 44 سال بعد فتح اپنے نام کر لی ہے۔

گروپ ڈی میں شامل پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

میچ کے ابتدائی 11 ویں منٹ میں پاکستانی کھلاڑی یونس شہباز کی غلطی سے نیپال کو ایک گول کی برتری مل گئی تاہم پاکستانی ٹیم کے محمد بلال نے میچ کے 55 ویں منٹ میں گول کرکے میچ 1-1 سے برابر کیا۔

پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان صدام حسین نے 72 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے پاکستان کے لیے فیصلہ کن برتری حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔

ایشین گیمز کے ابتدائی میچز میں جاپان اور ویتنام سے شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم کے لیے یہ جیت انتہائی اہم تھی۔

نیپال کو شکست دینے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے قومی ٹیم کو مبارک باد کے ساتھ جیت کا جذبہ قائم رکھنے کا پیغام دیا ہے۔

جہاں یہ کامیابی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، وہاں ایک حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ٹیم کے ساتھ کسی فزیو یا ڈاکٹر کو نہیں بھیجا بلکہ اس کے بجائے ایک مالشیا بھیجنے پر ہی اکتفا کیا گیا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہوگیا  تو اس کے علاج کے لیے  ڈاکٹروں یا فزیوتھراپسٹ کو فوری رسائی نہیں مل سکے گی اور پی ایف ایف میزبان ملک کے ڈاکٹروں پر انحصار کرے گی۔


متعلقہ خبریں