وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حلف لے لیا


کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے منصب کا حلف لے لیا ہے، جام کمال بلوچستان کے 16 ویں وزیراعلیٰ ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب گورنرز ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے حلف لیا، تقریب میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان، منتخب ارکان اسمبلی، نگراں کابینہ کے وزرا سمیت قبائلی عمائدین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

جام کمال نے سیاسی سفر کا آغاز ڈسٹرکٹ ناظم اعلیٰ لسبیلہ سے کیا اور صوبے میں پہلی بار ضلعی انتظامیہ کے نظام کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا۔

2013 کے عام انتخابات میں این اے 270 لسبیلہ کم  آواران سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 2018 تک وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل رہے، جام کمال خان اپریل 2018 میں نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوئے اور پارٹی کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔

جام کمال یکم جنوری 1973 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے،  سینئر کیمبرج کے بعد گرین وچ  یونیورسٹی کراچی سے ایم بی اے کیا، جام کمال خان کا وژن ہے کہ بلوچستان کو تعلیم یافتہ اور روشن خیال صوبہ بنانا ہے۔

جام کمال خان کے خاندان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ قیام پاکستان سے قبل بلوچستان کی چار ریاستوں قلات، خاران،  مکران اور لسبیلہ میں سب سے پہلے جام خاندان نے والئی لسبیلہ کی حیثیت سے پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں