غلاف کعبہ کی تبدیلی کل ہوگی


سعودی عرب: مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کل نو ذی الحجہ 1439 ھ کو بعد نماز فجر منعقد گی۔

حسب روایت ہر سال وقوفہ عرفہ کے دن نیا غلاف کعبہ چڑھایا اور پرانا اتار دیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں 160 ہنرمند غلاف کعبہ کو تیار کرتے ہیں۔

اردو نیوز جدہ کے مطابق مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کے سربرا ہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی نگرانی میں غلاف کعبہ کی تبدیلی انجام پائے گی۔

غلاف کعبہ کی تیاری میں تقریباً 150 کلو خالص سونا و چاندی اور670 کلو ریشم استعمال کیا جاتا ہے۔ عربی زبان میں اسے ’غلاف کسوہ‘ کہتے ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق غلاف کعبہ کی تیاری پر 60 لاکھ ڈالرز لاگت آتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ غلاف کعبہ میں استعمال ہونے والا ریشم اٹلی اورسونے و چاندی کی تاریں جرمنی سے منگوائی جاتی ہیں۔

معمول کے مطابق پرانے غلاف کعبہ کو اتار کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے اور پھراہم شخصیات کو بطور تبرک دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں