میرٹ کے بغیر اچھی حکومت ممکن نہیں، جام کمال


کوئٹہ:  بلوچستان کے نو منتخب وزیراعلی جام کمال نے کہا ہے کہ اس وقت بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ گورننس ہے، جب تک حکومتی نظام بہتر نہیں ہوتا مسائل حل نہیں ہوں گے۔

وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد بلوچستان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال نے کہا میرٹ کو رواج دیے بغیر حکومتی نظام بہتر نہں ہو سکتا اور یہ سب کچھ اپوزیشن اور عوام کے تعاون سے  ہی ممکن ہے۔

تمام اسمبلی ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان کے لیے آج اہم دن ہے کیونکہ جمہوری عمل بہترین طریقے سے مکمل ہوا ہے، بلوچستان کے لوگوں نے 25 جولائی کو خوف کو مسترد کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتحاب کیا۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران دہشت گردی کے ایک واقعہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 200 افراد شہید ہوئے، الیکشن کے دن کوئٹہ میں بھی لوگ شہید ہوئے، وہ ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی وفا ق کی جانب سے بلوچستان کو مسلسل نظرانداز کرنے کے ردعمل میں بنی تھی، کم سیاسی تجربے کے باوجود اس جماعت نے بلوچستان کے لوگوں کی خدمت اور فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

اپنی حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی ترجح حکومت کی درست سمت کا تعین ہے، حکومت میں دو سال گزاریں یا 5 سال لوگ ان کی حکومت کو اچھے الفاظ میں یاد رکھیں گے۔

نو منتخب وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کا وفاق سے بہتر تعلق نہیں رہا، اب بلوچستان عوامی پارٹی وفاق سے ایسا تعلق چاہتی ہے جس کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہو۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور لاپتہ  افراد کے معاملہ پر وفاق کے ساتھ مل کر لاِئحہ عمل بنائیں گے، تعلیم، صحت اور تحفط عوام کی بنیادی ضروریات ہیں، امن ومان پر ماضی میں سرمایہ کاری نہیں ہوئی اس پراس دفعہ حصوصی توجہ دی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں