پی ٹی آئی کا پنجاب میں بھی واضح برتری کا دعویٰ

پنجاب میں بھی واضح برتری حاصل ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی|humnews.pk

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نون آج تنہا دکھائی دی۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہو چکی ہے اور امید ہے نامزد اسپیکر پنجاب اسمبلی  پرویز الہٰی احسن طریقے سے پنجاب اسمبلی کو چلائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا معرکہ جیت لیا ہے اب پنجاب اسمبلی میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

اس موقع پر نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن متحد نہیں، تقسیم ہو رہی ہے جبکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین کہ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر تحریک انصاف پنجاب میں ریکارڈ کامیابی حاصل کرے گی۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے ارکان نے شریک کی۔

اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی کی اچانک آمد پر تمام شرکا حیران رہ گئے جبکہ دوران اجلاس تمام ارکان ایک دوسرے سے نامزد وزیراعلیٰ کا نام پوچھتے رہے۔


متعلقہ خبریں