نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل روانہ

نواز شریف احتساب عدالت میں پیش | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: نیب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے لیے نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں اڈیالہ جیل سے عدالت پہنچایا گیا۔ عدالتی کارروائی مکمل اور سماعت بدھ تک ملتوی ہونے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے نواز شریف، واجد ضیاء اور تفتیشی افسر محبوب عالم کو بدھ کے روز طلب کر لیا ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نواز شریف کا واپس جیل منتقل کرنے کے مناظر
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نواز شریف کا واپس جیل منتقل کرنے کے مناظر

عدالت سے نکال کر نواز شریف کو جیل منتقل کیا جانے لگا تو دروازے پر موجود ن لیگی کارکنان نے بکتر بند گاڑی کا گھیراؤ کر لیا اور ’میاں صاحب، وی لو یو (ہم آپ سے محبت کرتے ہیں)‘ کے نعرے بھی لگائے۔

اسلام آباد میں قائم احتساب عدالت نمبر دو میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت ہو ئی۔ پیر کے روز سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل سے بکتر بند گاڑی کے ذریعے عدالت لایا گیا۔

جیل سے عدالت منتقل کرنے کے لیے ترتیب دیے گئے نوازشریف کے قافلے میں مواصلاتی سنگلز کو روکنے والی گاڑی اور ایمبولینس بھی شامل تھیں۔

نواز شریف کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جس کے تحت احتساب عدالت اور اطراف میں 200 سے زائد پولیس اہل کار تعینات ہیں۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ نواز شریف کو پیش کیا جائے، عدالت نے استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کو بھی طلب کر رکھا ہے۔

پیر کو نواز شریف کی پیشی سے قبل رینجرز افسر نے عدالت کے اندر آ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے پہلی بار قیدی کی صورت احتساب عدالت میں پیش کیا گیا مگر کسی صحافی کو عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد کوریج کے لیے موجود صحافیوں نے اسے غیرقانونی اقدام قرار دیتے ہوئے عدالت کے باہر احتجاج کیا۔


متعلقہ خبریں