252 نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کی رجسٹریشن مکمل


اسلام آباد : قومی اسمبلی میں نو منتخب ارکان اسمبلی کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک  252 نو منتخب ارکان کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں نومنتخب ارکان کی رجسٹریشن کی نگرانی کرنے والی رجسٹریشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ نومنتخب ارکان کی رجسٹریشن کا عمل پیر کو بھی جاری رہے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف، خواجہ آصف، پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سمیت 80 ارکان کی رجسٹریشن ابھی باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر بھی اراکین حلف اٹھانے کے اہل ہوں گے البتہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹ صرف رجسٹرڈ اراکین ہی دیں گے۔

پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ہمراہ رجسٹریشن کے لیے پہنچے تو خاصے خوش اور پرجوش نظر آئے۔

 

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بہت خوش ہوں کہ پہلی دفعہ اسمبلی میں حلف اٹھاوں گا، انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا پہلا موقع مل رہا ہے اور وہ اسے پوری طرح استعمال کریں گے۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اسد قیصر کو قومی اسمبلی کا نیا اسپیکر نامزد کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے دو حصے ہیں ، حزب اختلاف اور حزب اقتدار، اس لیے حزب اختلاف کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی حزب اقتدار کی ہے، انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روایات کا فروغ ہماری خواہش ہے اور ہم باہمی اعتماد کے رشتے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ایسا راستہ نکلے کہ حزب اختلاف بھی پارلیمنٹ میں اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے۔


متعلقہ خبریں