پی ٹی آئی کی حکومت عوامی ہوگی،جہانگیر ترین

ماضی کی حکومتوں نے ہمارا خیال نہیں کیا، جہانگیر ترین

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیرترین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی غلط پالیسیوں نے پنجاب کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام شعبوں میں اصلاحات لائے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی کے اتحاد سےحکومت چلائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی ہوگی۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے وفاق اور پنجاب میں اداروں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس سمیت دیگرتمام  شعبوں میں اصلاحات (ریفارمز) کرکے اداروں کو مظبوط بنائیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے دس سال کے گھپلے بےنقاب کریں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ گزشتہ سالوں میں کتنا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی قانون سازی کرکے نیا بلدیاتی نظام لایا جائے گا اور نچلی سطح پر جا کر عوام کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے ذرائع ابلاغ  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام لانا چاہیے جس میں نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف کی پالیسیوں نے معیشت اور بلدیاتی اداروں کو برباد کردیا اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔

چودھری پرویز الٰہی  نے کہا کہ ہماری نیت، سوچ اور ارادے ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے لیے قانون سازی پر حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلیں گے۔


متعلقہ خبریں